07 اکتوبر ، 2022
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق لیک ہونے والی تمام چیزیں درست ہیں، ہم آڈیوز کے فارنزک کیلئے تیار ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزاہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ جن آڈیوز کو یہ فیک کہہ رہا ہے ان کا فارنزک آڈٹ کرالیتے ہیں، تیسری آڈیو نے اس کا بٹہ بٹھا دیا ہے، یہ کس طرح سازش کرتا ہے اور لوگوں پر الزام لگادیتا ہے، ہم ان آڈیوز کی فارنزک کرائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کو چاہیے ان آڈیو لیکس کو چیلنج کرے، اگر یہ آڈیوز جعلی ہیں تو عمران خان فارنزک کرانے کا کہے، ہماری معلومات کے مطابق یہ تمام چیزیں درست ہیں، ہم فرانزک کیلئے تیار ہیں۔
آج لیک ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کی آڈیو کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ آڈیو غور سے سنیں تو عمران خان کہہ رہا ہے کہ میں 5 خرید رہا ہوں، انہوں نے خریدنے کی کوشش کی لیکن نہیں خرید سکے، ان کے اتحادی بکنے والے نہیں تھے، نہ پہلے بک کر ان کے پاس گئے تھے، اتحادیوں نے مایوسی کی وجہ سے اس کا ساتھ چھوڑا۔
ان کا کہنا تھاکہ بی اے پی اور ایم کیو ایم کے ارکان جنہوں نے فیصلہ کرنے میں دیر کی اور آپس میں بات چیت جاری رہی تو اس دوران یہ ان کو اپنی طرف لانے کیلئے سودے بازی میں لگے ہوئے تھے۔
دھرنے کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ جس دن دھرنے کی تاریخ دے دی، اس کے پاس کوئی راستہ نہیں ہوگا، یہ ملک میں انارکی چاہتا ہے، دارالخلافہ پر حملہ آور ہونا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی آج ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ 5 تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس ہیں پانچ، میں نے میسج دینا ہےکہ وہ جو پانچ ہیں نا وہ پانچ بڑے اہم ہیں، اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں پانچ سیکیور کر دے نا وہ والا، 10 ہوجائیں گے تو یہ گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔