Time 08 اکتوبر ، 2022
کھیل

ویمن ٹیم دلیرانہ کرکٹ کھیل کر ایشیا کپ جیت سکتی ہے: نین عابدی

بھارت کے خلاف پاکستان نے کھیل کے تینوں شعبوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلیرانہ کرکٹ کھیلی: سابق کرکٹر/ اسکرین گریب
بھارت کے خلاف پاکستان نے کھیل کے تینوں شعبوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلیرانہ کرکٹ کھیلی: سابق کرکٹر/ اسکرین گریب

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کرکٹر نین عابدی کا کہنا ہے کہ جس طرح پاکستان ویمن ٹیم نے ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف کھیلا اگر اس ہی طرح ٹورنامنٹ کھیلتے رہے تو ایشیا کپ جیت سکتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نین عابدی نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان نے کھیل کے تینوں شعبوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلیرانہ کرکٹ کھیلی اور ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں بہت اچھا کمبی نیشن بناہوا ہے جس میں جونیئرز بھی ہیں اور تجربہ کار پلیئرز بھی، ایک مسئلہ جو آرہا تھا وہ پلان پر عملدرآمد کا تھا لیکن بھارت کے خلاف میچ میں اس مسئلے پر بھی قابو رہا، پاکستان ٹیم نے اپنے پلانز پر بھرپور انداز میں عمل درآمد کیا۔

پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے 87 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوینٹی کھیلنے والی نین عابدی نے کہا کہ تھائی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد جس طرح پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی وہ بہت بڑی جیت ہے،  پاکستان ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے، ضرورت ہے کہ اس ٹیم کو ہر کوئی سپورٹ کرے، یہ ٹیم بہت آگے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے جمعہ کو ویمن ایشیا کپ میچ میں بھارت کو 13 رنز سے ہرادیا تھا، میچ میں ندا ڈار، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور بسمہ معروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

مزید خبریں :