دنیا
Time 09 اکتوبر ، 2022

ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کیلئے اس یورپی ملک کے رہائشی ویزا کا حصول آسان ہوگیا

اس پروگرام کی تفصیلات آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں جاری کی جائیں گی / فائل فوٹو
اس پروگرام کی تفصیلات آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں جاری کی جائیں گی / فائل فوٹو

اگر آپ ابھی گھر پر رہ کر کام کررہے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل قریب میں برقرار رہنے کا امکان ہے تو پھر آپ ایک یورپی ملک میں منتقل ہوکر ایسا کرسکتے ہیں۔

ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

اگر آپ بھی کسی نئے ملک جاکر بسنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ پرتگال کی جانب سے ایک سال کے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام شروع کیا جارہا ہے اور اس کا مقصد ورک فرام ہوم کرنے والے ورکرز کو اپنے ملک لانا ہے۔

لزبن جیسے بڑے شہر، خوبصورت ساحلوں اور جزیروں والا یہ ملک کچھ عرصے سے ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کی وجہ کچھ عرصے پہلے متعارف کرایا گیا ڈی 7 ویزا پروگرام تھا۔

مگر اب ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کے لیے خصوصی ویزا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام کے لیے یورپی یونین سے باہر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اہل ہوں گے۔

اسی طرح یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ پرتگال میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ملازم نہ ہوں۔

اس پروگرام کے حوالے سے مزید تفصیلات آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں جاری کی جائیں گی۔

ویسے پرتگال واحد ملک نہیں جو ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کے لیے اس طرح کے ویزا پروگرام کو پیش کررہا ہے۔

2020 کے بعد سے کم از کم 30 ممالک کی جانب سے اس طرح کے ویزا پروگرام متعارف کرائے جاچکے ہیں جن میں کروشیا، یونان، میکسیکو اور بہاماس سمیت دیگر شامل ہیں۔

اسپین نے ستمبر کے آخر میں ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس پروگرام کے تحت ایسے افراد کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے جو اسپین سے باہر کی کمپنیوں کے لیے گھر میں رہ کر کام کررہے ہوں گے۔

اس ویزا کی ابتدائی معیاد ایک سال کی ہوگی جس کو بعد میں 5 سال تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

اس فرد کے قریبی رشتے دار جیسے شریک حیات یا بچے بھی ویزا پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔

اس پروگرام کی چند شرائط بھی ہوں گی جیسے درخواست گزاروں کا تعلق یورپ سے باہر سے ہونا لازمی ہوگا اور انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کم از کم ایک سال سے گھر میں رہ کر کام کررہے ہیں۔

مزید خبریں :