12 اکتوبر ، 2022
نومبر 2022 سے قطر میں فٹبال ورلڈکپ کا آغاز ہورہا ہے۔
قطر میں ہونے والا فٹبال ورلڈکپ ایسا ایونٹ ہے جس میں کافی کچھ پہلی بار ہورہا ہے۔
20 نومبر سے شروع ہونے والے ورلڈکپ کے بارے میں چند باتیں جان لیں جو ماضی کے ورلڈکپ ایونٹس سے اسے مختلف بناتی ہیں۔
1930 میں پہلا ورلڈکپ جنوبی امریکی ملک یوروگوئے میں ہوا تھا اور اب تک 21 ٹورنامنٹس (2018 کے روس میں ہونے والے ورلڈکپ تک) کا انعقاد ہوچکا ہے۔
مگر یہ ایشیا میں ہونے والا دوسرا ورلڈکپ ہے، پہلا 2002 میں جنوبی کوریا اور جاپان میں ہوا تھا جبکہ مشرق وسطیٰ پہلی بار اس ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔
اب تک یورپ 11 بار ورلڈکپس کی میزبانی کرچکا ہے، جنوبی امریکا 5 بار، شمالی امریکا 3 اور افریقا نے ایک بار اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کی۔
یہ فٹبال ورلڈکپس کی تاریخ کا پہلا موقع ہے جب اس کا آغاز موسم سرما میں ہورہا ہے۔
قطر میں موسم گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایونٹ کی تاریخوں کو مئی، جون یا جولائی کی بجائے نومبر میں منتقل کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قطر نے 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے اسٹیڈیمز کی تعمیر سمیت انفرا اسٹرکچر منصوبوں پر 200 ارب ڈالرز سے زیادہ خرچ کیے۔
درحقیقت خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر نے 2010 میں ورلڈکپ کی میزبانی حاصل کرنے کے بعد انفرا اسٹرکچر منصوبوں پر کم از کم 229 ارب ڈالرز خرچ کیے۔
اس کے مقابلے میں 2018 میں روس نے ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے 10 سے 15 ارب ڈالرز خرچ کیے تھے، اس طرح 2022 کا ایونٹ اب تک کا مہنگا ترین ورلڈکپ ٹورنامنٹ بھی ہے۔
2022 کے ورلڈکپ کے لیے کھلاڑیوں یا میچز کو دیکھنے آنے والے افراد کو ایک سے دوسری جگہ جانے کے لیے زیادہ سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
قطر میں تعمیر کیے گئے تمام 8 ورلڈکپ اسٹیڈیمز تک گاڑی کے ذریعے ایک گھنٹے کے اندر پہنچنا ممکن ہے۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول 2026 کا فٹبال ورلڈکپ زیادہ طویل ہوگا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ پہلا ورلڈکپ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ قطر میں 32 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
یہ 32 ٹیموں کے فارمیٹ پر مبنی 7 واں اور آخری ورلڈکپ ہوگا۔