پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2022

پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کا اپنے بانی رکن اعتزاز احسن کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

کارکنوں کی پاس کردہ متفقہ قرار داد اپنی سفارش کے ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجیں گے: پارٹی رہنماؤں کی پریس کانفرنس/ اسکرین گریب
کارکنوں کی پاس کردہ متفقہ قرار داد اپنی سفارش کے ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجیں گے: پارٹی رہنماؤں کی پریس کانفرنس/ اسکرین گریب

لاہور: پیپلزپارٹی وسطی پنجاب نے پارٹی کے بانی رکن اعتزاز احسن کےخلاف سخت کارروائی اور ان کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں کی جانے والی پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا کہ اعتزاز احسن کا سیاسی سفر مفاد اور محاذ آرائی پر مبنی ہے، پیپلز پارٹی میں بیٹھ کر عمران کا مقدمہ لڑنے والے کو برداشت نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی کے نام کو بٹہ لگانے والے کردار کو گھر تک پہنچائیں گے اور افتخار چوہدری کے ڈرائیور کی ڈبل گیم نہیں چلنے دینگے۔

اعتزاز احسن کے خلاف پیش کی جانے والی  قرارداد کامتن
اعتزاز احسن کے خلاف پیش کی جانے والی  قرارداد کامتن

رانا فاروق سعید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پلیٹ میں چھید کرنے والے کیخلاف پارٹی کارکنوں میں شدید غم و غصہ ہے، زونل صدرپی پی 163اور زونل صدر پی پی 158نے سفارش کی ہے کہ اعتزاز احسن کی بنیادی رکنیت ختم کی جائے۔

اس موقع پر فیصل میر نے اجلاس میں منظور کردہ قرار داد پڑھ کر سنائی۔

پی پی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ کارکنوں کی پاس کردہ متفقہ قرار داد اپنی سفارش کے ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجیں گے، اعتزاز احسن وزیر پہلے بنے اور ایم پی اے 1977 میں بنے، انہوں نے جتنا نقصان 2008 سے 2013 تک پاکستان کا کیا کسی نے نہیں کیا، انہیں فوری طور پر سینٹرل ایگزیکٹو اورپارٹی سے نکالنے کی متفقہ قرار دادچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھیج رہے ہیں، اتوار کو اعتزاز احسن کے گھر کا گھیراؤ کریں گے۔

رانا فاروق سعید کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین سے کہتا ہوں کہ بھٹو سے غداری کرنے والے کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ چیئرمین اور سی ای سی نے اعتزاز احسن کی رکنیت معطل نہ کی تو اعتزاز احسن کے گھر کا گھیراؤ کریں گے، امید ہے قیادت ہماری سفارشات پر فوری ایکشن لے گی۔

 پیپلزپارٹی سے میرا تعلق دیرینہ ہے اور پارٹی کو خاندان سمجھتاہوں: اعتزاز

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا بتانا چاہتاہوں کہ میں پیپلزپارٹی میں ہوں اورعمران میرا دوست ہے، پیپلزپارٹی سے میرا تعلق دیرینہ ہے اور پیپلزپارٹی کو خاندان سمجھتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کےلوگوں سے تعلقات شائستہ تھے اور شائستہ ہی رہنے چاہئیں، ناشائستگی نہیں آنی چاہیے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میرا کسی اور جماعت میں شمولیت اور پیپلز پارٹی کو چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں، پیپلزپارٹی میراخاندان ہے، میری فیملی ہے، اختلاف رائے ہماری جماعت میں ہوتا ہے، پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے۔

مزید خبریں :