16 اکتوبر ، 2022
معروف پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف نے اپنی بیٹی نوریح اور شہروز صدف کی بیٹی زہرا کے تعلق پر خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکار شہروز سبزواری اور ان کی دوسری اہلیہ صدف کنول کے ہاں بیٹی کی پیدائش رواں برس اگست میں ہوئی تھی جس کے بعد کئی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنیں جس میں سائرہ اور شہروز کی بیٹی نوریح اپنی سوتیلی بہن زہرا کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
ویڈیوز میں نوریح کے معصوم چہرے پر خوشی کے آثار صاف نمایاں ہیں، سوشل میڈیا پر یہ ویڈیوز وائرل ہوئیں تو صارفین نے سائرہ کو خوب سراہا اور بیٹی کی ایسی پرورش کرنے پر بھی داد دی۔
تاہم اب ایک ویب انٹرویو میں گفتگو کے دوران سائرہ نے نوریح اور زہرا کے تعلق پر لب کُشائی کی۔
سائرہ یوسف نے کہا 'جب زہرا کی پیدائش ہوئی تو نوریح بے حد خوش تھی، اس کے دوستوں کے بہن بھائی ہیں، سارے کزنز کے بھی بہن بھائی ہیں اس کے ہی نہیں تھے، اب جب زہرا اس دنیا میں آئی تو نوریح کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں تھا'۔
اداکارہ نے کہا کہ 'بچوں کے ذہن کو گندا نہیں کرنا چاہیے، وہ معصوم اور بہت سادہ ہوتے ہیں'۔
واضح رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی اکتوبر 2012 میں شادی ہوئی تھی لیکن فروری 2020 میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی، سائرہ اور شہروز کی ایک بیٹی نوریح ہے۔
بعد ازاں مئی 2020 میں شہروز نے ماڈل صدف کنول سے شادی کا اعلان کیا تھا، جوڑے کے ہاں اگست میں بیٹی 'زہرا' کی پیدائش ہوئی ہے۔