17 اکتوبر ، 2022
دومرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے لیے آسٹریلیا اور انڈیا کو شکست دینا ہوگی۔
سابق کپتان اور پی جے ایل کی ٹیم حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور ڈیرن سیمی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ آسٹریلیا اور انڈیا کو آپ شکست نہیں دے سکتے تو آپ ورلڈکپ نہیں جیت سکتے کیونکہ آسٹریلیا ٹیم دفاعی چیمپئن ہے اور اپنے ملک میں کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا کی بات کی جائے تو ان کی کرکٹ ٹیم جس انداز سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتی ہے اس کا سب کو علم ہے۔
سیمی نے کہا کہ جہاں تک پاکستان ٹیم کا تعلق ہے، پاکستان ویسا ہی کر سکتی ہے جو وہ ہمیشہ آئی سی سی ایونٹ میں کرتی ہے، پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹف ہوم سیریز کھیلی، اس کے بعد نیوزی لینڈ میں تین ملکی سیریز جیتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں، اس کا فائدہ ہوگا لیکن پاکستان ٹیم کو مڈل اوورز میں کچھ کرنے کی ضرورت ہوگی ، بابر اعظم اور محمد رضوان کے ٹاپ آرڈر میں لمبا کھیلنے سے مڈل آرڈربیٹرز کے پاس کم اوور بچتے ہیں، سات آٹھ اوورز میں پھر مڈل آرڈرز کو فنش کرنا ہوتا ہے۔
پاکستان ٹیم کی قوت کیا ہے؟
سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بولنگ پاکستان ٹیم کی قوت ہے، شاہین آفریدی کی و اپسی ہو رہی ہے جس کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا، یہ ایک مثبت چیز ہےجو پاکستان ٹیم کے لیے ہوئی ہے، پاکستان کو تسلسل کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے، اگر پاکستان تسلسل کے ساتھ کھیلتی ہے تو ٹورنامنٹ جیت سکتی ہے۔
ڈیرن سیمی مایوس کیوں ہیں ؟
ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ پر ہم نے ہمیشہ فخر کیا، فرسٹ راؤنڈ کھیلنا مایوس کن ہے ، 2010 سے 2016 تک ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچتے رہے ، گزشتہ ورلڈکپ اور اس مرتبہ ہم کوالیفائی نہ کر سکے ، افسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ نکولس پورن اینڈ کمپنی کچھ ضرور کرے گی۔