17 اکتوبر ، 2022
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ میں نے کرکٹر بننے کیلئے والدہ سے بہت ڈانٹ اور مار کھائی ہے۔
پاکستان جونیئر لیگ کی ماسٹر کلاس میں مینٹورز کے لیکچرز کا سلسلہ جاری ہے اور گوادر شارکس کے مینٹور ویوین رچرڈز اور حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور ڈیرن سیمی نے ماسٹر کلاس میں پلے آف کھیلنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا۔
دو مرتبہ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے سفر میں امبروز اور برائن لارا کو دیکھا اور آگے بڑھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں آنے کیلئے سخت محنت کا سہارا لیا۔
انہوں نے بتایاکہ میرے ابتدائی سفر میں مجھے والدہ سے بہت ڈانٹ پڑی، بہت مار کھائی لیکن میرا یہ تھا کہ میں نے کچھ بن کر دکھانا ہے، والدہ نہیں چاہتی تھیں میں انہیں انکار کروں لیکن بس کھیلتا تھا اور محنت کرتا تھا۔
سیمی کا کہنا تھاکہ میری والدہ سمیت سب کہتے تھے میں کرکٹر نہیں بن سکتا لیکن پھر میں نے بن کر دکھایا۔
ان کا کہنا مزید کہنا تھاکہ کوئی نہیں چاہتا تھا میں ٹیم میں آؤں ، مجھے کچھ کھلاڑی کپتان نہیں دیکھنا چاہتے تھے لیکن ایسا کیوں تھا یہ میں نہیں جانتا جب میں آیا تو اس وقت ٹیم میں بڑے بڑے نام تھے۔
سیمی نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ آپ نوجوانوان کے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، اپنی انسپائریشن کے مطابق چلیں اور محنت کریں، فاسٹ ٹریک کچھ نہیں ٹاپ پر پہنچنے کے بعد خود کو ٹاپ پر رکھنا اصل کامیابی ہے محنت تب تک کرو جب تک اپنے خوابوں تک نہ پہنچ جاؤ۔