Time 19 اکتوبر ، 2022
کھیل

ایشیا کپ میں بھارت کو نہ بھیجنے کے اعلان پر پی سی بی کا سخت ردعمل

پی سی بی نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو فائل
پی سی بی نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اے سی سی کو لکھے گئے خط میں بھارت کی جانب سے ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے معاملے پر شدید  تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کی مذمت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ (جو اے سی سی کے صدر بھی ہیں) نے گزشتہ روز اپنے بیان میں خود ساختہ فیصلہ سناتے ہوئے ایشیا کپ نیو ٹرل وینیو پر کھیلنے کا بیان دیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں ایشین کرکٹ کونسل سے علیحدگی اور آئندہ برس بھارت میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈکپ میں شرکت سے انکار سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

مزید خبریں :