کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2022

بھارتی بورڈ کا ایشیا کپ میں ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ، عمران طاہر پاکستان کی حمایت میں آگئے

یہاں آئیں، ماحول پروفیشنل اور محفوظ ہے،یہاں کا کراؤڈ غیر ملکی ٹیموں کی بہت پزیرائی کرتا ہے: جنوبی افریقی کرکٹرز/ فائل فوٹو
یہاں آئیں، ماحول پروفیشنل اور محفوظ ہے،یہاں کا کراؤڈ غیر ملکی ٹیموں کی بہت پزیرائی کرتا ہے: جنوبی افریقی کرکٹرز/ فائل فوٹو

جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر کا بھارتی بورڈ کے ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ  پاکستان اور بھارت کا مقابلہ شائقین دیکھنا چاہتے ہیں، پاک بھارت مقابلہ کہیں بھی ہو لوگ دلچسپی لیتے ہیں، پاکستان میں شائقین یہ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا مجھے لگتا ہے اور میری خواہش بھی ہے کہ پاکستان میں مقابلہ ہو، دعا ہے کہ بھارت کی ٹیم یہاں آئے اور کھیلے، پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے حالات بہت اچھے ہیں۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

عمران طاہر نے بھارتی ٹیم کے لیے کہا کہ یہاں آئیں، ماحول پروفیشنل اور محفوظ ہے، یہاں کا کراؤڈ غیر ملکی ٹیموں کی بہت پزیرائی کرتا ہے، میں چھ سات برسوں سے آ رہا ہوں، مجھے بہت محبت ملی ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹر کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ بہت جلد پاکستان گھومنے پھرنے کا موقع ملے گا، غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان دیکھنے کا موقع ملے گا، یہاں جو ماحول ٹیموں کو دیا جاتا ہے وہ میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

عمران طاہر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک شاندار جگہ ہے، مجھے خوشی ہے کہ پی جے ایل میں کام کرنے کا موقع ملا ہے، جونیئر کی سطح پر لیگ ایک اچھا اقدام ہے۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

بھارتی بورڈ کے فیصلے پر پاکستان نے سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو پاکستان 2023 کا ورلڈکپ کھیلنے بھارت  نہیں جائے گا۔

مزید خبریں :