کاروبار
Time 19 اکتوبر ، 2022

مہنگائی کے باعث لوگ کم اسمارٹ فونز خریدنے لگے

سہ ماہی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو
سہ ماہی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو

اقتصادی بحران، مہنگائی اور غیر یقینی صورتحال کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارے Canalys کی جانب سے جولائی سے ستمبر 2022 کے دوران عالمی سطح پر ڈیوائسز کی فروخت کے اعداد و شمار جاری کیے گئے۔

2022 کی تیسری سہ ماہی کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

درحقیقت اسمارٹ فونز کی فروخت کے حوالے سے جولائی سے ستمبر 2014 کے بعد یہ اب تک کی بدترین سہ ماہی ثابت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی کا یہ رجحان آئندہ 9 ماہ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں شرح سود میں اضافے اور توانائی ذرائع کی قیمتیں بڑھنے سے صارفین کی اسمارٹ فونز میں دلچسپی کم ہوئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی کے حوالے سے چین میں اقتصادی سست روی اور کووڈ 19 لاک ڈاؤنز نے بھی کردار ادا کیا۔

اس سہ ماہی کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت کے حوالے سے سام سنگ سرفہرست کمپنی رہی جبکہ ایپل دوسرے اور شیاؤمی تیسرے نمبر پر رہی۔

اس سہ ماہی کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایپل کے مارکیٹ شیئر میں نمایاں اضافہ ہوا مگر اس کمپنی نے آئی فون 14 سیریز کی پروڈکشن بڑھانے کے منصوبے کو منسوخ کردیا ہے۔

مزید خبریں :