19 اکتوبر ، 2022
سابق کپتان شاہد آفریدی بھارت کے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے جوابی ردعمل کے معترف ہوگئے۔
گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ اگلے برس ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔
بعد ازاں پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان پر باضابطہ ردعمل کا اظہار کیا ۔
ترجمان پی سی بی نے کہاکہ بورڈ کو صدر اے سی سی جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے، یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے، سوچے سمجھے بغیر دیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق جے شاہ کا پاکستان سے ایونٹ منتقلی کا بیان یکطرفہ ہے، ایونٹ کے منتقلی کا بیان آئی سی سی اور اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، اس بیان سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
پی سی بی کے بیان پر شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ'مجھے ایشیا کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بیان پسند آیا، اسی طرح سمجھدار اور پروفیشنل ادارے حساس اور اہم معاملات کو ہینڈل کرتے ہیں'۔
خیال رہےکہ پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیاکپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔