20 اکتوبر ، 2022
کینیڈا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں،کینیڈا نے ایران کے 6 افراد اور 4 اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کی ایران پر لگائی گئی پابندیوں کی فہرست میں قدس فورس کے کمانڈر محمد کرامی بھی شامل ہیں،کینیڈا نے ان افراد اور اداروں پر ایران میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں حصہ لینے کا الزام لگایا ہے۔
کینیڈین وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا ایرانی حکومت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورعلاقائی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کا جواب دینے کیلئے تمام طریقے استعمال کرے گا۔
اس سے قبل ایران میں 22 سالہ مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن پر یورپی یونین نے ایرانی پولیس اور وزیر مواصلات سمیت چار ایرانی اداروں اور 11شخصیات پر ویزا اور اثاثے منجمد کرنے کی پابندیاں لگائی تھیں۔
واضح رہے کہ ایران میں زیرحراست خاتون کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے ایک ماہ سے جاری ہیں، ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق مظاہرین کے خلاف ایرانی سکیورٹی فورسز کےکریک ڈاؤن میں 180 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایران میں اسکارف پہننے کے قانون کی خلاف ورزی پر 13ستمبر کو گرفتار ہونے والی 22سالہ مہسا امینی تین روز بعد پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی