Time 22 اکتوبر ، 2022
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت ٹاکرے میں نسیم شاہ کا ٹارگٹ کیا ہے؟

بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ایک بڑا پریشر والا گیم ہوتا ہے: فاسٹ بولر۔ فوٹو اسکرین گریب
بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ایک بڑا پریشر والا گیم ہوتا ہے: فاسٹ بولر۔ فوٹو اسکرین گریب

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں کل بروز اتوار میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ پر مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین گرین اور بلیو شرٹس کے درمیان کرکٹ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ اوپر والے کو پتہ ہے کہ کل کیا ہو گا۔

تمام کرکٹ ایکسپرٹ کا خیال ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز اہم کردار ادا کریں گے بالخصوص شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے اوورز اہمیت کے حامل ہوں گے۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بھی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔

نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ایک بڑا پریشر والا گیم ہوتا ہے اور کوشش یہی ہے کہ ہم جس طرح کھیلتے آ رہے ہیں اس طرح اچھا کھیلیں۔

بھارتی ٹیم کے روہت شرما، سوریا کمار یادیو اور ویرات کوہلی کو ٹارگٹ کرنے سے متعلق سوال پر نسیم شاہ کا کہنا تھا ایک فاسٹ بولر کی حیثیت سے کوشش یہی ہوتی ہے کہ وکٹ ملے لیکن میچ کی صورتحال کے حساب سے آپ جتنے بڑے کھلاڑی کو آؤٹ کرتے ہیں اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق مخالف بیٹر کو آؤٹ کرتے ہیں تو وہ وکٹ سب سے اہم ہوتی ہے۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا بھارت کے خلاف میچ میں یہی ہدف ہے کہ جب بھی ٹیم کو ضرورت ہو وکٹ لیکر دوں۔

مزید خبریں :