Time 22 اکتوبر ، 2022
کھیل

بھارت آئے نہ آئے ایشیاکپ پاکستان میں ہی ہوگا، پی سی بی کا ڈٹ جانےکا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ کی میزبانی سے ہٹنےکے لیے بالکل تیار نہیں ، بھارت آئے نہ آئے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نےکرنا ہے اور اگر نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ ہوا تو پاکستان ٹیم شرکت نہیں کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈکے ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت کا پاکستان میں آکر نہ کھیلنےکا معاملہ اندورنی ہے ، بھارت پاکستان نہیں آتا نہ آئے ، ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہو گا، بھارت کے نہ آنے پر ایشیا کپ کو متاثر نہیں ہونے دیا جائےگا، پاکستان آنے پر رضا مند ٹیموں کے ساتھ ہی ایشیا کپ کرایا جائےگا۔

  ذرائع کا کہنا ہےکہ ایشیا کپ کو پاکستان سے منتقل کیا گیا تو پاکستان شرکت نہیں کرے گا، ایسا ممکن نہیں کہ ایشیا کپ نیو ٹرل وینیو پر ہو اور پاکستان ٹیم شرکت کے لیے جائے کیونکہ نیوٹرل وینیو پر کھیلنا پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے تین سالوں کی محنت پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہر پلیٹ فارم پر ایشیا کپ کی میزبانی پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے اے سی سی اور رکن ممالک کو دوبارہ خط لکھے گا، خط کے ذریعے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس فوری طور پر بلانے کی یاد دہانی کرائی جائے گی۔

خیال رہے کہ  اے سی سی کے صدر اور سیکرٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے ایشیا کپ کی نیوٹرل وینیو پر منتقلی کا بیان دیا تھا اور جے شاہ نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :