21 اکتوبر ، 2022
سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کے بیان پر پھٹ پڑے۔
نجی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نےکہا کہ بھارت پاکستان کو کرکٹ کھیلنے سے متعلق ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، پاکستان میں دس پندرہ سالوں سے کرکٹ نہیں ہوئی جس کے بعد اب ٹیمز نے آنا شروع کیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ’میں نہیں جانتا کہ سیاسی محاذوں پر دونوں ملکوں کے درمیان کیا ہورہا ہے لیکن چونکہ میں ایک کھلاڑی رہ چکا ہوں ، ایکسپرٹ بھی ہوں لہٰذا میرا خیال ہے کہ لوگوں کے درمیان رابطے ضروری ہیں، اگر آپ نے یہ کہنا ہی تھا تو آپ کے لیے ضروری تھا کہ آپ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا کو فون کرتے ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بٹھاتے ، اس کے بعد فیصلہ کیا جاتا‘۔
سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ یوں نہیں کہا جاتا کہ بھارت کی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی چونکہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو میزبانی کے لیے چنا ہے لہٰذا اب بھارت کا انکار نہیں بنتا۔