22 اکتوبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے اس امید کا اظہار کیا ہےکہ پاکستان ورلڈکپ جیتےگا، بابر اعظم کو جانے سے پہلے کہا تھا کہ ورلڈکپ لے کر آنے کے علاوہ کوئی اور آپشن ہی نہیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نےکہا کہ بیٹنگ کے لحاظ سے آسٹریلیا میں ہمارے لیے ایک مشکل امتحان ہوتا ہے، تکنیکی طور پر بیٹرز کو اپنے بیٹ کی اسپیڈ کو تیز کرنا ہوگا کیونکہ گیند پڑ کر تیز نکلتا ہے جب کہ پاکستان میں شاٹس کھیلنے کا وقت مل جاتا ہے وہاں شاٹس کھیلنے کا وقت نہیں ملتا تاہم بولرز کو زیادہ تجربات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ نے کہا کہ ورلڈکپ دماغ کا کھیل ہے، ہمت نہ ہارنےکا کام ہے اور یہ ایک خواب کی تکمیل ہے، خواب یہ ہونا چاہیےکہ ورلڈ کپ جیت کر آنا ہے، بابر اعظم کو جانے سے پہلے یہی کہا تھا کہ آپ نے جیتنے کا خواب دیکھنا ہے، ان سےکہا کہ ورلڈکپ لے کر آنے کے علاوہ کوئی اور آپشن ہی نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کے پاس فتح کے لیے ٹیم ہے، پرفارمنسز اوپر نیچے ہوں گی، کسی دن دوسری ٹیم بھی اچھا کھیل سکتی ہے، یا بادلوں کا کردار ہوسکتا ہے لیکن فینز ٹیم کو سپورٹ کریں یہ ایک بہترین ٹیم میدان میں اتاری گئی ہے۔
رمیز راجہ نے ٹیم کو پیغام دیا کہ حوصلے اور ہمت سے کھیلیں ، خود کو ورلڈ چیمپئن سمجھ کر کھیلیں اور اپنا بہترین کھیل پیش کریں، مقابلہ کریں لڑ کر ہار جائیں کسی کو یہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، فینز کی ٹیم سے جذباتی وابستگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں پوٹینشل ہے، بولنگ اٹیک شاندار ہے، شاہین آفریدی کے آنے سے بڑا فرق پڑتا ہے اور ڈریسنگ روم جاگ جاتا ہے، شاہین آفریدی کے آنے سے ٹیم تازہ دم ہو جاتی ہے، امید ہے ہم جیتیں گے۔