Time 24 اکتوبر ، 2022
پاکستان

پاکستانی صحافی کے قتل پر تحقیقات کیلئے دباؤ بڑھنے لگا: کینین میڈیا

کینیا کی صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی ارشد شریف کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے— فوٹو: فائل
کینیا کی صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی ارشد شریف کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے— فوٹو: فائل

کینیا کے میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کے نامور صحافی ارشد شریف کے قتل کے بعد حکومت پر تحقیقات کیلئے شدید دباؤ ہے۔

اتوار کی رات سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔

ارشد شریف کو اتوار کی رات نیروبی مگاڈی ہائی وے پرشناخت میں غلطی پر پولیس نے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا۔

کینیا کے میڈیا کے مطابق ارشد شریف کے قتل کے بعد تحقیقات کیلئے کینیا کی حکومت پر مسلسل دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

کینین میڈیا نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی کینیا کے صدر کو ٹیلیفون کال ذکر کیا۔

ٹیلیفونک گفتگو میں  وزیر شہباز شریف نے کینیا کے صدرکو واقعےکی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا ہے اور مرحوم کی میت کی جلد وطن واپسی کی کارروائی کیلئے درخواست کی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کینیا کےصدر  نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور  واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہائی  کرائی ہے۔

اس کے علاوہ صحافی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر کینیا کی صحافتی تنظیم کینیا ایڈیٹرگلڈ نے بھی معاملے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب دی میڈیا کونسل آف کینیا نے بھی ارشد شریف کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کینیا یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے قتل میں ملوث پولیس آفیسر کو فوری گرفتار کیا جائے۔

مزید خبریں :