25 اکتوبر ، 2022
آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز نے عہدے سے مستعفی ہونےکا اعلان کردیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق فل سمنز اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔
فل سمنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے پر دکھ ہے، فینز سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے اندر کچھ غیر معمولی افراد باقی ہیں جن کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے بہترین مفاد میں کام کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔
ویسٹ انڈین کپتان نکولس پورن نے کہا تھا کہ 'ہم نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا ۔ یہ یقینی طور پر تکلیف دہ ہے۔ میں نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی اس سے میں نے اپنے ساتھیوں کو مایوس کیا' ۔