25 اکتوبر ، 2022
گوگل نے 2023 کے آغاز میں ونڈوز 7 اور ونڈوز 8.1 کے لیے کروم براؤزر کی سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گوگل کی جانب سے 7 فروری 2023 کو آخری بار ونڈوز 7 اور ونڈوز 8.1 آپریٹنگ سسٹمز کے لیے کروم 110 ورژن جاری کیا جائے گا۔
یہ گوگل کروم کا آخری ورژن ہوگا جو مائیکرو سافٹ کے دونوں پرانے آپریٹنگ سسٹمز کو سپورٹ کرے گا۔
گوگل سپورٹ پیج میں اس بارے میں بتایا گیا اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ کافی اہم اپ ڈیٹ ہے۔
ونڈوز 7 کو 2009 میں متعارف کرایا گیا تھا اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے 2020 میں اس کے لیے سپورٹ کو ختم کردیا گیا تھا۔
مگر اس کے باوجود اب بھی متعدد کمپیوٹرز اس آپریٹنگ سسٹم پر کام کررہے ہیں۔
2021 میں ایک رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا تھا کہ کم از کم 10 کروڑ کمپیوٹرز پر ونڈوز 7 انسٹال ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ بہت جلد کروڑوں افراد ایسے آپریٹنگ سسٹم اور ویب براؤزر کو استعمال کررہے ہوں گے جو سکیورٹی یا دیگر سپورٹ سے محروم ہوں گے جو کہ سکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔
7 فروری کے بعد بھی ونڈوز 7 یا 8.1 پر گوگل کروم کام کرتا رہے گا مگر کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہوگی۔
اس کا آسان حل یہی ہے کہ کمپیوٹر کو ونڈوز 11 یا 10 سے اپ گریڈ کردیا جائے تاکہ آپریٹنگ سسٹم کو سکیورٹی اپ ٹو ڈیٹ رہے۔
اسی طرح کروم کے نئے فیچرز بھی استعمال کرنے کا موقع مل سکے گا۔