26 اکتوبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر براہ راست کوریج سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کی جس میں سینیئر صحافی ارشد شریف اور لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کی۔
پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ ارشد شریف کی موت قتل ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔
فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس سرکاری ٹی وی اور اے پی پی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر براہ راست دکھائی گئی اور علی زیدی نے ٹوئٹ کرکے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے ٹوئٹ کیا کہ فیصل واوڈا نے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، سرکاری ٹی وی سمیت تمام چینل نے پریس کانفرنس دکھائی اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انھیں امورٹڈ حکومت نے لانچ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا کوئی مقصد سمجھ نہیں آیا، عمران خان کی سب کو پر امن رہنے کی واضح ہدایات ہیں، ان کی ہدایت کے بعد اس پریس کانفرنس کا کوئی وزن نہیں۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما بلال غفار نے کہا کہ فیصل واوڈا نے خود کو ضائع کردیا، پی ٹی وی براہ راست دکھا رہا ہے تو باقی آپ خود سمجھدار ہیں۔