30 اکتوبر ، 2022
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس میں ایک "خاص" ملوث ہے، عمران خان کا اس کیس سے تعلق نہیں بنتا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ دو ’’خاص ‘‘ آدمی جو کہ غیر سیاسی ہیں، اور تین ’’سانپ‘‘ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خاص اور سانپ عمران خان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان سانپوں کے خلاف ان کے منہ پر بھی بولتا رہا ہوں۔
ارشد شریف کی کینیا میں ہلاکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کینیا میں مقیم خرم اور وقار نے سہولتکاری کی تھی، موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کا اس کیس میں دور دور تک تعلق نہیں ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان تو جنرل سرفراز کی بہت تعریف کیا کرتے تھے، اُن کی شہادت کے بعد کس نے ٹرولز سے کہا کہ منفی مہم چلاؤ؟ اس کا جواب بھی وہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان کو نااہل کرانا چاہتے ہیں، عمران خان کی نااہلی سے مجھے تو فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیسے کا مجھے لالچ نہیں، پی ڈی ایم میں جانے کو تیار نہیں نہ کسی نے آفر کی ہے، میں تو اسمبلی رکنیت سے بھی نااہل ہوچکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے لیڈر تھے اور رہیں گے، اسٹیبلشمنٹ سے میری ملاقاتیں بھی عمران خان کے علم میں تھیں۔