30 اکتوبر ، 2022
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہےکہ کوشش کریں گے کہ ٹورنامنٹ میں جیت کے مومینٹم کو برقرار رکھیں۔
پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم تھا کہ پہلے میچز کے جو رزلٹ تھے اس سے بہتر ٹیم ہیں،دونوں میچز قریب جاکر ہارے تھے مگر فنش نہیں کرپا رہے تھے، جو میچز ہارے تھے ان میں بھی زیادہ حصہ ہم حاوی رہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ میں سو وکٹوں کا نہیں سوچ رہا، ابھی ورلڈ کپ پر فوکس ہے، اگر میرے ایک رن سے بھی ٹیم کو فائدہ ہو تو وہ زیادہ اہم ہے۔
نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے کنٹرول میں ہماری پرفارمنس ہے، امید ہے یہ وہ لمحہ تھا جس میں ہمارے لیے سب کچھ بدل سکے،کوشش کریں گےکہ ٹورنامنٹ میں اس مومینٹم کو برقرار رکھیں۔
کپتان بابر اعظم کے حوالے سے شاداب خان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ورلڈکلاس پلیئر ہے، مگر وہ انسان بھی ہے، غلطی ہوجاتی ہے، ورلڈ کلاس پلیئر کی فارم ایک شاٹ کی دوری پر ہوتی ہے، فکر کی بات نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف تین اوورز لگے کنڈیشن سمجھنے میں،کنڈیشنز کو سمجھنا اور فوری ایڈجسٹ ہونا بہت ضروری ہے۔