کھیل
Time 31 اکتوبر ، 2022

سابق کیوی و پروٹیز کپتانوں نے سوریا کمار کو ٹی ٹوئنٹی کا بہترین بیٹر قرار دیدیا

بولرز کیلئے سوریا کمار کی کمزوری پکڑنا بہت ہی مشکل ہے: سابق کیوی و پروٹیز کپتان۔ فوٹو فائل
بولرز کیلئے سوریا کمار کی کمزوری پکڑنا بہت ہی مشکل ہے: سابق کیوی و پروٹیز کپتان۔ فوٹو فائل

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور اپنے دور کے اسٹائلش بیٹر اسٹیفن فلیمنگ نے بھارتی ٹیم کے جارح مزاج مڈل آرڈر بیٹر سوریا کمار یادیو کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ٹی ٹوئنٹی کا ایک بہترین کھلاڑی قرار دیدیا۔

سوریا کمار یادیو نے آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دوسری لگاتار ففٹی اسکور کی ہے، انہوں نے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف 40 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم میچ پروٹیز نے 5 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کیوی کپتان کا کہنا تھا اسٹیفن فلیمنگ کا کہنا تھا اس کا مائنڈ سیٹ بہت ہی مثبت ہے اور اس کی جارحانہ مزاج میں بیٹنگ کا انداز اسے غیر یقینی شاٹس کھیلنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اس قسم کی تیکنیک والے بیٹرز کے سامنے بولرز کے لیے صحیح لائن لینتھ تلاش کرنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔

سابق کیوی کپتان کا کہنا تھا اگر بولر سوریا کمار یادیو جیسے بیٹر کو فل لینتھ پر گیند کرتے ہیں تو وہ کور کے اوپر سے جاتی ہے اور اگر شارٹ لینتھ پر گیند کرتے ہیں تو وہ اسے تھرڈ مین یا پوائنٹ کے اوپر سے کھیل دیتے ہیں۔

سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے بھی سوریا کمار یادیو کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیٹر کا اسکل لیول اس قدر زیادہ ہے کہ بولر کی حیثیت سے آپ کسی ایک لینتھ پر گیند کر کے اسے باندھنے کا سوچ ہی نہیں سکتے کیونکہ وہ مختلف ایریاز میں مختلف شارٹس کھیلتا ہے۔

فاف ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ سوریا کمار یادیو میں جو چیز مجھے اچھی لگتی ہے وہ یہ ہے کہ کسی بھی طرح کی صورتحال ہو وہ پرسکون رہتا ہے، اسے اچھی طرح پتہ ہے کہ کب ٹریگر دبانا ہے اور رن ریٹ بڑھانا ہے، وہ بلا شبہ ٹی ٹوئنٹی کا ایک بہترین نوجوان کھلاڑی ہے۔

مزید خبریں :