31 اکتوبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اگلے میچ کے لیے قومی اسکواڈ آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے سڈنی پہنچ گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کل کسی بھی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے گی۔
گزشتہ روز پرتھ میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اب 3 نومبر کو پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے باوجود پاکستان کیلئے اگر مگر کی صورتحال برقرار ہے۔
پاکستان کی رسائی کا انحصار گروپ میں مزید اپ سیٹ نتائج پر ہے اور جنوبی افریقا کے تین میچز میں پانچ، انڈیا کے چار پوائنٹس ہیں۔
پاکستان کیلئے اپنے دونوں میچز جیتنا لازمی، بھارت اور جنوبی افریقا کی شکست بھی ضروری ہے۔
بنگلا دیش یا زمبابوے میں سے ایک ٹیم کی بھارت کے خلاف جیت پاکستان کیلئے ضروری ہے، اگر بھارت کو ایک اپ سیٹ شکست ہوتی ہے تو اس کے 6 پوائنٹس رہیں گے۔
پاکستان کو چھ پوائنٹس پر آنے کیلئے بقیہ دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں، اگر پاکستان جنوبی افریقا کو اور جنوبی افریقا نیدرلینڈز کو شکست دے تو پاکستان بھارت ٹائی ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت پوائنٹس پر برابر ہوئے تو فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔