Time 31 اکتوبر ، 2022
کھیل

آسٹریلیا میں پاک بھارت ٹیسٹ کیلئے بات ہو رہی ہے، سابق آسٹریلوی کرکٹر کا دعویٰ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن او ڈانل نے دعویٰ کیا ہےکہ پاکستان اور  بھارت آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

ایک ٹی وی پروگرام میں سائمن او ڈانل نے آسٹریلیا میں پاک بھارت ٹیسٹ کے انعقاد کا دعویٰ کیا۔

 سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلنےکی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےکامیاب میچ کے بعد بات چیت شروع ہوئی، ٹی ٹوئنٹی  ورلڈکپ میں میلبرن میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے میچ دیکھا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ غیر معمولی رہا۔

 سائمن او ڈانل کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک لوگ اسی میچ کا حوالہ دے رہے ہیں، یہ ایک اعلیٰ معیار کا میچ تھا جس میں دباؤ بھی تھا اور سنسنی خیز بھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ٹیسٹ کے لیے بات چیت ہوگی بلکہ بات چیت ہو چکی ہوگی، یہ بھی ممکن ہے کہ پاکستان بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین ملکی سیریز ہو، یہ بھی ممکن ہےکہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ ہو۔

 انہوں نے مزید کہا کہ میرے الفاظ یہ ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کی روشنی میں بات چیت ہو رہی ہے، پہلے سے ہی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب ذرائع پی سی بی کا کہنا ہےکہ ایسی کسی بات چیت کے ہونےکا علم نہیں ہے، ایسی خبر کوئی بھی دے سکتا ہے لیکن ایسا کوئی پلان نہیں، فیوچر ٹور پروگرام میں تو ایسی کوئی گنجائش بھی نہیں رکھی گئی، آنے والے دنوں کے شیڈول کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔

مزید خبریں :