Time 01 نومبر ، 2022
کھیل

ورلڈکپ کے بعد روہت سے کپتانی لینے اور کوہلی کو آرام دینے کی تیاری: بھارتی میڈیا

بی سی سی آئی کا پلان 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سمیت ریشبھ اور کے ایل راہول کی گرومنگ پر ہے: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو
بی سی سی آئی کا پلان 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سمیت ریشبھ اور کے ایل راہول کی گرومنگ پر ہے: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

دنیا بھر کی نظریں جہاں 13 نومبر کوحالیہ ورلڈکپ کے فائنل پر ہیں وہاں بھارتی کرکٹ بورڈ کی توجہ اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 پر  مرکوز ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2024 کے ورلڈکپ کے لیے بھارتی کپتان روہت شرما کی کپتانی برقرار رہنے کا امکان نہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو بتایا ایسا نہیں ہے کہ سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو کسی ایک فارمیٹ کو چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا لیکن انہیں سمجھنا ہوگا کہ دونوں 30 کی دہائی میں ہیں اور ٹیم کے لیے انتہائی اہم کھلاڑی ہیں، انہیں آئی سی سی ٹورنامنٹس اور بڑی سیریز کھیلنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی ضرورت ہے۔

بورڈ عہدیدار نے کہا کہ چونکہ ایک ہی کپتان کو ایک سے زیادہ مرتبہ روٹیٹ نہیں کیا جاسکتا لہٰذا ہمیں روہت سے بتدریج چارج واپس لینا ہوگا، اگر ہاردک، ریشبھ یا پھر کے ایل راہول میں سے کوئی بھی ایک یہ ذمہ داری لینے کو تیار ہو۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کا پلان 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سمیت ریشبھ اور کے ایل راہول  کی گرومنگ پر ہے جب کہ اس دوران سابق کپتان ویرات کوہلی کو ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا کہا جائے گا، ساتھ ہی صرف بڑے ٹی ٹوئنٹی ایونٹس میں کوہلی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  بھارتی کرکٹ بورڈز تینوں فارمیٹ خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کے لیے روٹیشن کا حامی ہے جس کے لیے ورلڈکپ کے بعد کوہلی اور روہت شرما سے بات چیت کی جائے گی۔

مزید خبریں :