Time 01 نومبر ، 2022
پاکستان

کراچی میں واٹربورڈ کے افسرکو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

واردات ٹارگٹ کلنگ ہے، جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں: ایس ایس پی ویسٹ— فوٹو: فائل
واردات ٹارگٹ کلنگ ہے، جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں: ایس ایس پی ویسٹ— فوٹو: فائل

کراچی غربی کے علاقے منگھوپیر میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایک سب انجینئر کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ 

منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق واردات منگھوپیر کی واٹر بورڈ کالونی میں ریزر  وائر کی پہاڑی کے قریب ہوئی۔

پولیس کے مطابق 42 سالہ محمد فرقان کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی حب کینال پر بطور سب انجینئر تعینات تھا، مقتول معمول کے مطابق کھانا کھانے کیلئے ریزورائر کی پہاڑی پر قائم فلٹر پلانٹ میں گیا تھا اور موٹر سائیکل پر پہاڑی سے نیچے اتر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے نشانہ بنایا۔

محمد فرقان کی میت عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ 

اسپتال ذرائع کے مطابق 42 سالہ فرقان کو سر میں نائن ایم ایم پستول کی گولیاں ماری گئیں۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی دو خالی خول بھی برآمد ہوئے ہیں، مقتول کی موٹر سائیکل غائب ہے اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کراچی ویسٹ فیصل بشیر میمن کے مطابق واردات ٹارگٹ کلنگ ہے،  جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔

مزید خبریں :