کیا ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک نے ٹک ٹاک پر نظریں جمالیں؟

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

کیا ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کا انتظام سنبھالنے کے بعد اب ٹک ٹاک پر اپنی نظریں جمالی ہیں؟

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا انتظام سنبھالنے کے کچھ دن بعد ٹوئٹر پر اپنے فالورز سے ایک پول کے ذریعے سوال کیا کہ کیا 2012 میں شروع ہونے والی شارٹ ویڈیو ایپلیکیشن'Vine(وائن)' کو واپس بحال کیا جائے؟

شارٹ ویڈیو ایپلیکیشن وائن کو 2012 میں متعارف کروایا گیا جسے ٹوئٹر نے خریدا تاہم 2016 میں اسے بند کردیا گیا۔

حیران کن طور پر تقریباً 70 فیصد صارفین نے ایلون مسک کے پول کے جواب میں کہا کہ جی ہاں وائن کو واپس لایا جائےجبکہ 30 فیصد صارفین نے اس کی مخالفت کی۔ 

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کے انجینیئرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ وائن کو بحال کرنے کے حوالے سے کام شروع کردیں، خیال کیا جارہا ہے کہ شارٹ ویڈیو کی یہ ایپلیکیشن رواں سال کے آخر میں بحال ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ 2016 میں وائن کے بند ہوجانے کے بعد سے اس کا کوڈ نہ ہی تبدیل کیا گیا اور نہ ہی اسے اپ ڈیٹ کیا گیا تاہم اب انجینیئرز کو ایپلیکیشن کے کوڈ پر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایلون مسک کے پول پر جواب دیتے ہوئےMrBeast نامی ایک صارف نے کہا کہ اگر آپ وائن کو واپس لائے تو حقیقت میں آپ کا مقابلہ ٹک ٹاک سے ہوگا اور یہ کافی مزاحیہ ہوگا۔

تاہم ایلون مسک نے صارف سے سوال کیا کہ وائن کو ٹک ٹاک سے بہتر بنانے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں؟اس سوال کے بعد خیال کیا جارہا ہے کہ ٹوئٹر کے نئے مالک نے ٹک ٹاک کو مات دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک اس وقت ٹوئٹر کے سی ای او اور چیئرمین ہیں اور ان کے مطابق وہ عارضی طور پر کمپنی کے واحد ڈائریکٹر بھی ہیں۔

مزید خبریں :