04 نومبر ، 2022
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آئر لینڈ ویمن کو 128 رنز سے شکست دے دی ، پاکستان ویمن ٹیم کی اوپنرز سدرا امین اور منیبہ علی نے ریکارڈ ساز پارٹنر شپ بنائی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کی اوپننگ جوڑی نے آئر ش بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ اوور ز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 335 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز منیبہ علی اور سدرا امین نے پاکستان ویمن کرکٹ کا کسی بھی وکٹ کی پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ دونوں کے درمیان 221 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
اس سے پہلے بسمہ معروف اور ندا ڈار نے 2013 میں ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف چوتھی وکٹ کی شراکت میں 181 رنز بنائے تھے۔ منیبہ علی کریئر کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 114 گیندوں پر 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
سدرا امین نے ریکارڈ ساز 176 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور اور تین سنچریز بنانے والی پلیئر کا اعزاز بھی اپنے نا م کر لیا۔
سدرا امین سے پہلے جویریہ خان نے سری لنکا کے خلاف 133 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا۔ سدرا امین کی اننگز میں 20 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس کے علاوہ عالیہ ریاض نے 29 ،صدف شمس تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ فاطمہ ثنا تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
جواب میں آئر لینڈ ویمن 3 .49 اوورز میں207 رنز بنا کر آ ؤٹ ہو گئی، کپتان لاورا ڈیلینی نے 69 اور اورلا پرینڈرگسٹ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔سدرا امین پلئیر آف دی میچ قرار پائیں۔
پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔