Time 06 نومبر ، 2022
صحت و سائنس

کم وقت میں مسلز کو زیادہ بڑھانے کے لیے بہترین طریقہ سامنے آگیا

ایک نئی تحقیق میں یہ بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک نئی تحقیق میں یہ بتایا گیا / فائل فوٹو

اگر روزمرہ کی مصروفیات کے باعث جم جاکر مسلز بنانا مشکل محسوس ہوتا ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ کم وقت تک ورزش کرکے بھی آپ اس مقصد میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Edith Cowan یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جم میں 50 فیصد وقت کم لگا کر بھی مسلز کا حجم بڑھانا ممکن ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا کہ eccentric muscle contractions یعنی وزن کو اوپر نیچے کرنے والے ورزشیں مسلز کا حجم بڑھانے کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

درحقیقت محققین نے دریافت کیا کہ اس طرح کی ورزشوں سے مسلز کے حجم میں 50 فیصد کم وقت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 3 مختلف ورزشیں کرنے والے افراد کے 3 گروپس کے ساتھ ساتھ ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے۔

ایک گروپ وزن کو اوپر نیچے کرنے والی ورزش کرتا تھا، دوسرا گروپ وزن کو اٹھانے جبکہ تیسرا دونوں طرح کی ورزشیں کرتا تھا۔

پہلے گروپ میں شامل افراد دیگر کے مقابلے میں 50 فیصد کم وقت ورزش کرنے کے عادی تھے۔

محققین نے دریافت کیا کہ پہلے گروپ کے افراد کے مسلز کے حجم میں اضافہ باقی 2 گروپس میں شامل افراد جتنا ہی تھا حالانکہ وہ دیگر کے مقابلے میں کم وقت تک ورزش کرتے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کے مسلز کی موٹائی دیگر گروپس کے مقابلے میں زیادہ تھی۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ مخصوص ورزشوں پر توجہ مرکوز کرکے کم وقت میں بھی مسلز بنانے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلز اور دماغ کے متحرک ہونے کے درمیان تعلق اس حوالے سے اہم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف اپلائی فزیولوجی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :