08 نومبر ، 2022
ہالی وڈ ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے 2009 میں فلم اواتار کی کامیابی کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ مجموعی طور پر 5 حصوں میں اس کہانی کو مکمل کریں گے۔
فلم اواتار 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور13 سال بعد جیمز کیمرون کی اس فلم کا دوسرا حصہ دسمبر 2022 میں ریلیز ہورہا ہے جبکہ تیسرے حصے کی پروڈکشن بھی جاری ہے۔
مگر اب جیمز کیمرون نے عندیہ دیا ہے کہ اواتار 3 اس سیریز کی آخری فلم ہوسکتی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ فلموں کی کہانی اسٹریمنگ سروسز کی آمد سے قبل تحریر کرچکے تھے جبکہ کورونا وائرس کی وبا نے فلموں کو دیکھنے کا تجربہ بھی بدل دیا ہے، تو ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ اواتار 2 پر ناظرین کا ردعمل کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 سال پہلے کے مقابلے میں اب دنیا مختلف ہے، وبا اور اسٹریمنگ نے کافی کچھ بدل دیا ہے۔
جیمز کیمرون نے کہا کہ اواتار سیریز کی فلموں پر بہت زیادہ خرچہ ہوا ہے اور اگر دوسرے حصے سے منافع نہیں ہوا تو وہ اس سیریز کو اواتار 3 پر ختم کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اواتار 2 : دی وے آف واٹر 3 گھنٹے 10 منٹ طویل فلم ہے اور جیمز کیمرون کے مطابق زیادہ کرداروں اور کہانی کو آگے بڑھانے کے لیے فلم کا دورانیہ طویل رکھا گیا ہے۔
اواتار 2 کو 16 دسمبر 2022 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا جس میں سام ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، گیووانی ریبیس اور سیگورنی ویور ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے جبکہ کیٹ ونسلیٹ سمیت کئی نئے اداکاروں کی آمد بھی ہوگی۔
موجودہ شیڈول کے مطابق اواتار 3 کو 2024، اواتار 4 کو 2026 اور اواتار 5 کو 2028 میں ریلیز کیا جانا ہے۔
خیال رہے کہ لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اواتار کے نام رہا تھا جو 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔
مگر مارچ 2021 میں اواتار کو چین میں دوبارہ ریلیز کیا گیا اور اس نے ایک بار پھر سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔