Time 10 نومبر ، 2022
کھیل

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو فائنل کے موقع پر 95 فیصد بارش کا امکان ہے جبکہ پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو میلبرن میں شیڈولڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے موقع پر بارش کا خدشہ ہے۔

پاکستان ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ آج ایڈیلیڈ میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔

ورلڈ کپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگر فائنل یا سیمی فائنل بارش سے متاثر ہوئے تو مقابلہ ریزرو ڈے پر جاری رہے گا تاہم آسٹریلوی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پیر کو بھی موسم کچھ زیادہ بہتر نہیں اور بارش کے پچانوے فیصد امکانات ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح میچ کو شیڈولڈ دن پر ہی مکمل کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق میچ مکمل تصور کرنے کیلئے اننگز میں کم از کم دس، دس اوورز کا کھیل لازمی ہے، بارش کی صورت میں میچ ریزرو ڈے پر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے وہ رکا تھا۔

اگر بارش کی وجہ سے بالکل بھی کھیل ممکن نہ ہوا تو پھر دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے میلبرن میں تین میچز منسوخ ہوئے جبکہ ایک میچ کا نتیجہ ڈک ورتھ میتھڈ پر حاصل کیا گیا تاہم آسٹریلیا کے موسم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا رنگ بدلتے دیر نہیں لگتی۔

سپر 12 مرحلے میں پاک بھارت میچ سے قبل بھی بارش کی پیشگوئی تھی تاہم اس وقت موسم صاف رہا تھا اور فائنل میں مکمل کھیل ہوا تھا۔

مزید خبریں :