Time 10 نومبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

جی میل کی وہ تبدیلی جو اکثر صارفین کو پسند نہیں آئے گی

اب نیا یوزر انٹرفیس ہی صارفین کو استعمال کرنا ہوگا / فائل فوٹو
اب نیا یوزر انٹرفیس ہی صارفین کو استعمال کرنا ہوگا / فائل فوٹو

تبدیلی کو قبول کرنا اکثر کافی مشکل ہوتا ہے خصوصاً اگر وہ آپ کے ای میل ان باکس میں آئے۔

فروری 2022 میں گوگل کی جانب سے جی میل کے نئے یوزر انٹرفیس کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور جولائی سے تمام صارفین کو دستیاب ہے، جس میں میٹ، چیٹ اور اسپیسز کو ایک جگہ اکٹھا کردیا گیا تھا۔

اس وقت صارفین کی مرضی تھی کہ وہ اس نئے ڈیزائن کو استعمال کریں یا پرانے کو ہی برقرار رکھیں۔

مگر گوگل کی جانب سے پرانے ڈیزائن پر سوئچ کرنے کا آپشن ختم کردیا گیا ہے اور اب تمام صارفین کا اکاؤنٹ بائی ڈیفالٹ نئے یوزر انٹرفیس پر سوئچ کیا جارہا ہے۔

گوگل نے تصدیق کی ہے کہ دنیا بھر میں صارفین اب جی میل کا نیا یوزر انٹرفیس ہی استعمال کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق جی میل کے پرانے ڈیزائن تک رسائی اب صارفین کے لیے ختم کردی گئی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ نومبر سے نیا یوزر انٹرفیس جی میل کا لازمی حصہ بن جائے گا اور پرانے ڈیزائن پر سوئچ بیک کرنے کا آپشن ختم ہوجائے گا۔

گوگل کے مطابق نئے یوزر انٹرفیس میں صارفین جی میل تھیم، ان باکس ٹائپ اور دیگر کو کوئیک سیٹنگز سے تبدیل کرسکیں گے۔

اس نئے ڈیزائن میں میل، میٹ، اسپیسز اور چیٹ کے بٹنز بائیں جانب ایک قطار میں دیے گئے ہیں۔

گوگل کا نئے یوزر انٹرفیس کو لازمی قرار دینا حیران کن نہیں مگر یہ متعدد صارفین کے لیے پریشان کن ضرور ثابت ہوگا جو طویل عرصے سے پرانے ڈیزائن کے استعمال کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ جی میل کو ہر ماہ ڈیڑھ ارب سے زیادہ افراد استعمال کرتے ہیں اور اس نئے ڈیزائن کا مقصد میٹ اور چیٹ جیسے پروگرامز کو زیادہ بہتر طریقے سے اس ای میل سروس کا حصہ بنانا ہے۔

مزید خبریں :