11 نومبر ، 2022
چوکرز کا لفظ عام طور پر کرکٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ لقب بھارتی ٹیم کو بھی مل گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنا بے شک بڑا اعزاز ہے تاہم جس طرح سے بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا اس نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے۔
بھارت کے سابق کپتان کپل شرما نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو چوکرز کہا جا سکتا ہے کیونکہ وہ بہت قریب آئے اور چوک گئے۔
کپل دیو نے بھارتی ٹیم کی جانب سے بری کرکٹ کھیلنے کا اعتراف کرتے ہوئے کرکٹ فینز سے درخواست کی کہ اس وقت ان پر بہت زیادہ تنقید کرنا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ یہی لڑکے ہیں جو کئی سالوں سے ملک کے لیے اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔
انگلش ٹیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے سیمی فائنل کے دن کنڈیشن کو اچھے طریقے سے استعمال کیا اور بھارتی ٹیم کو چاروں شانے چت کر کے رکھ دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیم اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی۔