12 نومبر ، 2022
کئی دہائیوں سے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی شہری کا کہنا ہے کہ انہوں نے 1992 کے ورلڈکپ کا فائنل بھی دیکھا تھا لیکن موجودہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں زیادہ انرجی نظر آ رہی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 67 سالہ سید افتخار شاہ کا کہنا تھا 50 سالوں سے میلبرن میں رہائش پذیر ہوں، 1992 ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن گراونڈ میں بیٹھ کر دیکھا تھا اور اب 2022 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل دیکھنے کی تیاری کر رہا ہوں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کل بروز اتوار میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
سید افتخار شاہ نے بتایا کہ 1992 میں فائنل سے ایک روز پہلے انہوں نے پوری ٹیم کی دعوت کی تھی اور مرحوم عبدالقادر ان کے بہترین دوستوں میں سے تھے، فائنل کے روز بھی دوپہر کے کھانے کے لیے وسیم اکرم نے بریانی کی فرمائش کی جو وہ گھر سے بنوا کر ہوٹل لیکر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ وسیم اکرم نے کہا کہ ان کے سینڈوچ میں مزا نہیں ہے کچھ لاہور والے مصالحے دار کھانا لائیں۔
سید افتخار شاہ نے 1992 کی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی سنبھال کر رکھی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ 1992 کی نسبت موجودہ ٹیم میں انہیں زیادہ انرجی نظر آرہی ہے کیونکہ وہ اس ٹیم کے بھی کچھ کھلاڑیوں سے ملے ہیں۔