13 نومبر ، 2022
واٹس ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جسے ڈوناٹ ڈسٹرب کا نام دیا گیا ہے۔
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا مقصد کسی ضروری کام میں مصروف صارفین کی توجہ مس کالز سے بھٹکنے سے بچانا ہے۔
اس فیچر پر کئی ماہ سے کام ہورہا ہے مگر اب اسے بیٹا ورژن میں کچھ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق ڈوناٹ ڈسٹرب ان ایبل کرنے پر آنے والی کالز میوٹ ہوجائیں گی۔
اپنے کاموں سے فارغ ہوکر صارفین کو کالز ہسٹری میں معلوم ہوگا کہ ڈوناٹ ڈسٹرب موڈ کے دوران کتنی کالز میوٹ ہوئیں۔
البتہ جو فرد کالز کرے گا اسے معلوم نہیں ہوسکے گا کہ آپ نے واٹس ایپ میں ڈوناٹ ڈسٹرب موڈ ان ایبل کیا ہوا ہے۔
یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا ابھی یہ کہنا مشکل ہے۔
اس سے قبل ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں بڑے گروپس کی چیٹ کو آٹو میوٹ کرنے کے فیچر پر کام کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا کہ ایک گروپ میں 1024 اراکین کو شامل کرنا ممکن ہوگا۔
یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ زیادہ افراد والے گروپس میں میسجز بھی بہت زیادہ بھیجے جاتے ہیں جس کے باعث فون میں ہر وقت نوٹیفکیشن موصول ہوتے رہتے ہیں۔
نوٹیفکیشنز کی یہ بھرمار کچھ افراد کو پسند نہیں ہوتی اور اسی وجہ سے واٹس ایپ کی جانب سے نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں کچھ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔