Time 17 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

گاڑیوں میں موجود اس کھڑکی کا مقصد کیا ہوتا ہے؟

اکثر گاڑیوں میں کوارٹر گلاس کا استعمال ہوتا ہے / فائل فوٹو
اکثر گاڑیوں میں کوارٹر گلاس کا استعمال ہوتا ہے / فائل فوٹو

بیشتر افراد برسوں سے گاڑیوں کو چلا رہے ہوتے ہیں مگر انہیں اس کے چند فیچرز کا مقصد ہی معلوم نہیں ہوتا۔

گاڑیوں کا ایک ایسا ہی فیچر کوارٹر ونڈوز یا وینٹ گلاس ہے۔

درحقیقت یہ بہت اہم فیچر ہے حالانکہ بظاہر اس کا کوئی فائدہ نظر نہیں آتا کیونکہ یہ کھڑکی اپنی جگہ فکس ہوتی ہے جسے ہلانا ممکن نہیں ہوتا۔

کوارٹر گلاس کیا ہے؟

یہ عام پسنجر ونڈو سے کافی چھوٹا ہوتا ہے اور عموماً سائیڈ ویو مرر کے برابر میں یا بیک وہیل کے اوپر ہوتا ہے۔

یہ چھوٹی کھڑکی 1950 کی دہائی میں مقبول ہوئی تھی جب یہ اپنی جگہ فکس نہیں ہوتی تھی بلکہ اسے حرکت دی جاسکتی تھی۔

اس وقت چونکہ اے سی سسٹم موجود نہیں تھا تو کوارٹر گلاس کا بنیادی مقصد گاڑی میں ہوا کی نکاسی کو بہتر بنانا تھا تاکہ مسافروں کو گرمی نہ لگے۔

مگر اے سی کی آمد کے بعد ان کھڑکیوں کا ایسا ڈیزائن استعمال ہونے لگا جس کو اپنی جگہ سے ہلانا ممکن نہیں تھا۔

موجودہ عہد میں اکثر گاڑیوں میں فرنٹ یا بیک سائیڈ ونڈوز کے برابر میں ایسی کھڑکیاں ہوتی ہیں بلکہ کچھ گاڑیوں میں تو دونوں جگہ ہی کوارٹر گلاس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

تو اب بھی اس کا استعمال کیوں ہورہا ہے؟

اگرچہ اسے ابتدا میں ہوا کی نکاسی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا مگر اب گاڑیوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اس کی ضرورت نہیں رہی۔

تو پھر اب بھی گاڑیوں میں اسے کیوں لگایا جارہا ہے؟

اس کا جواب یہ ہے کہ کوارٹر گلاس سے ڈرائیور کو اردگرد زیادہ بہتر نظر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

گاڑی کے پچھلے حصے میں کوارٹر گلاس سے ڈرائیور کو وہ حصہ دیکھنے میں مدد ملتی ہے جو ایک بلائنڈ اسپاٹ ہوتا ہے۔

اسی طرح گاڑی کے اگلے حصے میں اس کی موجودگی سے ڈرائیور کو سائیڈ ویو مرر کو زیادہ بہتر طریقے سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

مزید خبریں :