کھیل
Time 13 نومبر ، 2022

فائنل میں شکست کے باوجود قومی کرکٹرز کا ہوٹل پہنچنے پر شائقین کیجانب سے والہانہ استقبال

فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کرلیا۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر137 رنزبنائے جواب میں انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ پر پورا کردیا۔

فائنل میں شکست کے باوجود پاکستان ٹیم کا میلبرن میں ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی شائقین نے والہانہ استقبال کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی پاکستانی کرکٹرز کی بس رکی تو ہوٹل کے باہر موجود شائقین نے قومی نغمے گاتے ہوئے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔

اس دوران شائقین نے ویڈیوز بنائیں اور  پاکستانی کھلاڑیوں کے نعرےبھی لگاتے رہے۔   

اس سے قبل فائنل کے بعد میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے باہر کرکٹ کے متوالے فائنل میں شکست کے باوجود ہَلّہ گلّہ کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

پاکستانی کرکٹ شائقین کا کہنا تھا کہ میچ ہارنے کا افسوس نہیں، افسوس اُس وقت ہوتا جب دس وکٹوں سے ہارتے، اس بار ورلڈکپ نہیں جیتے تو کیا ہوا؟ اگلی بار جیت جائیں گے، ہمیں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، ٹیم نے فائٹ کی۔


مزید خبریں :