پاکستان
Time 16 نومبر ، 2022

دبئی میں مقیم بزنس مین عمر فاروق نے شہزاد اکبر پر سنگین الزامات لگا دیے

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

دبئی میں مقیم بزنس مین عمر فاروق نے سابق وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر پر سنگین الزامات لگا دیے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں بات کرتے ہوئے عمر فاروق نے کہا کہ جیسے ہی میں نے عمران خان کو سعودی ولی عہد سے تحفے میں ملنے والی گھڑی کا سیٹ خریدا تو شہزاد اکبر نے مجھے تنگ کرنا شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ آئے دن فرمائشیں کرتے تھے کہ کسی کو ہوٹل بک کروا دیں، کسی کو شاپنگ کے پیسے دے دیں، کبھی کوئی ٹکٹ بھجوا دیں، پھر میں نے تنگ آکر فرمائشیں پوری کرنے سے منع کردیا تو وہ ناراض ہوگئے اور دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

انہوں نے کہا کہ پھر ایک دن فون آیا کہ آپ کی سابقہ اہلیہ مجھے ملی ہیں اور آپ ان سے بچے چھین کر لے گئے ہیں، انہیں پاکستان لے آئیں، میں نے انہیں سمجھایا کہ یہ پرانا کیس ہے، اس کی مالی سیٹلمنٹ ہوچکی ہے لیکن انہوں نے مجھ پر اپنے ہی بچے اغوا کرنے کی ایف آئی آر کاٹ دی اور میرے ریڈ وارنٹ جاری کردیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری ریاستی مشینری کا استعمال کرکے مجھ پر دباؤ ڈالا گیا جس کا مقصد مجھ سے پیسے وصول کرنا تھا۔

عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری سے کیسز بننے کے بعد بھی شہزاد اکبر مجھ سے پیسے کیلئے بالواسطہ رابطے کرتے رہے کہ اگر آپ نے اپنی جان چھڑوانی ہیں تو پیسے دیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد سے بطور تحفہ ملنے والی گھڑی، انگوٹھی اور کف لنکس دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تھے۔

عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملنے والی قیمتی گھڑی، انگوٹھی اور دیگر تحفے بطور وزیراعظم 2019 میں ملے تھے وہ انہوں نے فروخت کردیے تھے۔

تحفے خریدنے والی دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمر فاروق نے جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں وہ تحائف دکھائے۔

عمرفاروق نے  میزبان شاہزیب خانزادہ کو بتایا کہ 2019 میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے رابطہ کیا، جس کے بعد عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان تحفے لیکر دبئی ان کے دفتر آئیں۔

انہوں نے میزبان شاہزیب خانزادہ کو بتایا کہ ان کی ڈیمانڈ پچاس لاکھ ڈالرز تھی تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی۔

مزید خبریں :