ہیرا پھیری 3 میں اکشے کی جگہ کارتک کی شمولیت کی خبریں، سنیل شیٹی کا ردعمل سامنے آگیا

بالی وڈ اداکار نے ایک انٹرویو میں اس بارے میں بات کی / فائل فوٹو
بالی وڈ اداکار نے ایک انٹرویو میں اس بارے میں بات کی / فائل فوٹو

گزشتہ دنوں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بالی وڈ کی معروف فلم سیریز ہیرا پھیری کے تیسرے حصے میں اکشے کمار کی جگہ تیزی سے ابھرتے اداکار کارتک آریان کو دی جارہی ہے۔

درحقیقت اداکار پریش راول نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ کارتک آریان ہیرا پھیری 3 میں کام کریں گے۔

اس کے بعد اکشے کمار نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ اسکرپٹ سے مطمئن نہ ہونے کے باعث ہیرا پھیری 3 میں کام نہیں کررہے۔

مگر اب اس حوالے سے سنیل شیٹی کا بیان سامنے آیا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں کہ کارتک آریان نے اکشے کمار کی جگہ لی ہے، تو جان لیں کہ یہ درست نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کارتک آریان سے راجو (اکشے کمار کے کردار کا نام) کی بجائے بالکل مختلف کردار کے لیے بات چیت کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے واقف ہی نہیں تھے کہ اکشے کمار ہیرا پھیری 3 میں کام نہیں کررہے، اس انکشاف نے انہیں دنگ کردیا ہے۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اکشے کمار کے بغیر ہیرا پھیری 3 بالکل مختلف فلم ہوگی اور وہ اس حوالے سے اکشے کمار سے خود بات کرکے انہیں واپس لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی وہ ایک ویب سیریز کی تشہیر میں مصروف ہیں اور 19 نومبر کے بعد اکشے کمار اور دیگر سے بات کرکے دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ کی مقبول ترین فلم 'ہیرا پھیری' کو 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل 'پھر ہیرا پھیری' 2006 میں ریلیز ہوا، دونوں میں اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

دونوں فلموں میں اکشے کمار نے راجو کا کردار ادا کیا تھا مگر رپورٹس کے مطابق انہوں نے اسکرپٹ کی وجہ سے تیسرے حصے میں کام کرنے سے انکار کیا۔ 

مزید خبریں :