کھیل
Time 17 نومبر ، 2022

فلم'راولپنڈی ایکسپریس' میں شعیب اختر بننے والے اداکار کا نام سامنے آگیا

رواں برس جولائی میں شعیب اختر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے—فوٹو: فائل
رواں برس جولائی میں شعیب اختر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے—فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم 'راولپنڈی ایکسپریس' میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار کا نام سامنے آگیا۔

رواں برس جولائی میں شعیب اختر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 

شعیب اختر نے فلم کی جھلک انسٹاگرام پرشیئر کرتے ہوئے  بتایا تھا کہ ان کی بائیوپک میں وہ حقائق بھی دکھائے جائیں گے جو اب تک کسی کے سامنے نہیں آسکے۔

تاہم اس فلم میں شعیب اختر کا کردار کون نبھائے گا اس حوالے سے کسی کو کوئی معلومات نہیں تھیں جب کہ اب اس اداکار کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

شعیب اختر کا کردار عمیر جسوال نبھائیں گے جنہوں نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فلم کے کردار کی جھلک شیئر کی ۔

عمیر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ سب کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش اور خوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں، میں شعیب اختر کا کردار نبھاؤں گا، بڑے پردے پر لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے‘۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

مزید خبریں :