Time 17 نومبر ، 2022
دلچسپ و عجیب

امریکی خاتون کے پاؤں دنیا میں سب سے بڑے، گنیز ورلڈریکارڈز میں نام درج

امریکا کی ریاست ٹیکساس کی رہائشی ایک خاتون نے دنیا کے سب سے بڑے پاؤں ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ہربرٹ نامی خاتون کا قد 6 فٹ 9 انچ ہے، ان کےدائیں پاؤں کا ناپ 33.1 سینٹی میٹر (تقریباً 13 انچ) ہے جب کہ بائیں پاؤں کا ناپ 32.5 سینٹی میٹر (12.79 انچ)  ہے۔

ہربرٹ نے گنیز  بک آف ورلڈ ریکارڈز کو دیے گئے انٹر ویو میں بتایا ہے کہ 'میری والدہ کا قد 6 فٹ اور 5 انچ جب کہ والد کا  6 فٹ 4 انچ ہے، اسی لیے ان کو یہ اونچا لمبا قد وراثت میں ملا ہے'۔

خاتون نے اپنے انٹر ویو میں مزید بتایا کہ 'بچپن میں سوچتی تھی کہ اتنا لمبا قد برا ہے لیکن والدین نے خود اعتمادی پیدا کی، جب بھی مارکیٹ شاپنگ کے لیے جاتی تو کبھی بھی  زنانہ ناپ میں جوتا نہیں ملا، مجھے مردوں کے جوتے پہننے پڑتے تھے '۔ 

خاتون کا مزید کہنا ہے کہ وہ انٹر نیٹ پر شاپنگ کرتے وقت سب سے بڑا سائز تلاش کرتی ہیں اور ان لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو ان کے ناپ کا جوتا تیار کرسکیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہربرٹ سوشل میڈیا کے ذریعے ان خواتین سے جڑنے کی کوشش کرتی ہیں جو لمبا قد ہونے کی وجہ سے جوتوں کے ناپ کے مسئلے سے دوچار ہیں۔

مزید خبریں :