17 نومبر ، 2022
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں اپنے ایکشن میں دکھائی دینے سے متعلق بات کی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ مداح آپ کو آئندہ پی ایس ایل میں کون سی ٹیم میں ایکشن میں دیکھیں گے ؟
جواب میں سابق کپتان مسکرائے اور کہا 'یار مجھے تو لگ رہا ہے کہ میں تھرڈ امپائر نا بنوں کہیں، ابھی تک مجھے بالکل پتا نہیں ہے کہ میں کس فرنچائز کے ساتھ کھیلوں گا'۔
اسٹار آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ 'کوئی بلائے گا تو چلے جائیں گے، پاکستان کے لیے کام کریں گے'۔
اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے پی ایس ایل کے لیے پاکستان آنے کو خوش آئند قرار دیا اور اس کے لیے پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور موجودہ چیئرمین رمیز راجا کی کاوشوں کو سراہا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'یہ اچھی بات ہے اپنے کھلاڑی دوسرے کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کریں، ہمارے کرکٹرز کو بھی غیر ملکی لیگز کھیلنے جانا چاہیے'۔