07 اگست ، 2024
دنیا میں متعدد عجیب مقامات موجود ہیں مگر امریکا اور روس کی سرحد پر واقع 2 جزائر کچھ زیادہ ہی دنگ کردینے والے ہیں۔
ویسے تو دنیا کے نقشے میں امریکا اور روس ایک دوسرے سے بہت دور نظر آتے ہیں مگر ایک مقام پر ان کی سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔
آبنائے Bering کے وسط میں ایک طرف امریکی ریاست الاسکا جبکہ دوسری جانب روسی سرزمین موجود ہے۔
بگ ڈیومیڈ آئی لینڈ روسی جزیرہ ہے جبکہ لٹل ڈیومیڈ آئی لینڈ امریکی سرزمین پر موجود جزیرہ ہے اور دونوں کے درمیان محض 2 میل کا فاصلہ ہے۔
مگر حیران کن طور آمنے سامنے ہونے کے باوجود دونوں جزائر کے وقت میں 21 گھنٹے کا فرق موجود ہے۔
جی ہاں واقعی بگ ڈیومیڈ کا وقت لٹل ڈیومیڈ سے 21 گھنٹے آگے ہے۔
بگ ڈیومیڈ میں اگر جمعہ ہوگا تو دوسری جانب جمعرات کا دن ہوگا یا لٹل ڈیومیڈ میں رات کے 12 بجے ہوں تو بگ ڈیو میڈ میں دوسری رات کے 9 بجے ہوں گے۔
اس کی وجہ انٹرنیشنل ڈیٹ لائن (آئی ڈی ایل) یا بین الاقوامی خط تاریخ ہے۔
آئی ڈی ایل ایک فرضی خط یا لکیر ہے جو بحرالکاہل سے گزرتی ہے اور اس کے مطابق دنیا میں وقت کا تعین کیا جاتا ہے۔
تو یہ لکیر ان دونوں جزائر کے درمیان سے گزرتی ہے جس کے باعث بگ ڈیومیڈ کا وقت اپنے سامنے موجود جزیرے سے 21 گھنٹے آگے ہے۔
اسی وجہ سے ان جزائر کو Tomorrow آئی لینڈ اور Yesterday آئی لینڈ بھی کہا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے 1867 میں الاسکا کو روس سے خریدا تھا اور اس وقت ہونے والے معاہدے کے تحت ان دونوں جزائر کو سرحد قرار دیا گیا تھا۔
روسی جزیرہ بے آباد ہے اور وہاں اکثر سرحدی حفاظت کے لیے فوجی ہی آتے ہیں جبکہ لٹل ڈیومیڈ میں 83 افراد مقیم ہیں۔