18 نومبر ، 2022
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین صادق سنجرانی نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا۔
چیئرمین سینیٹ سے تحریک انصاف کی ناراضی برقرار ہے۔ پی ٹی آئی سینیٹرز اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ان سے اپنےعہدے سے استعفی دینے پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر زور دیا گیا اور انہیں پیغام دیا گیا کہ استعفیٰ نہ دیاگیا تو سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔
انہوں نے جواب دیا کہ مستعفی نہیں ہوں گا اور آپ تحریک عدم اعتماد لے آئیں میں مقابلہ کروں گا۔
چیئرمین سینیٹ کی صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں صدر ملکت کی جانب سے انہیں استعفیٰ دینے پر زور دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی صادق سنجرانی کے سینیٹ میں کردار سے خوش نہیں۔