18 نومبر ، 2022
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے سینیئر نیشنل سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے چیتن شرما کی قیادت والی سینیئر نیشنل سلیکشن کمیٹی کو جمعہ کو برطرف کیا۔سلیکشن کمیٹی 4 ارکان پر مشتمل تھی۔
بی سی سی آئی نے سینیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی برطرفی کے ساتھ ہی نیشنل سلیکٹرز کے عہدے کے لیے درخواستیں بھی طلب کی ہیں۔
چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کے دور میں بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہار گیا تھا۔
تاہم اب آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر کافی سوال اٹھائے جارہے تھے۔