19 نومبر ، 2022
امریکی ملک پیرو میں تاریخ میں پہلی مرتبہ خطرناک حد تک برڈ فلو کے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پیرس کی ماتحت چلنے والی ورلڈ آرگنائزیشن آف اینمل ہیلتھ(ڈبلیو او اے ایچ) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پیرو میں پیلیکن ( بگلے کی ایک نسل) میں بڑی تعداد میں برڈ فلو کا وائرس پایا گیا ہے ۔
اس وائر س کے نتیجے میں 200 پیلیکن ہلاک ہوگئے جو بعد ازاں سمندر کنارے مردہ حالت میں پائے گئے۔
دوسری جانب امریکی ریاست میکسیکو نے برڈ فلو سے نمٹنے کیلئے ویکسینیشن کا آغاز کردیا ہے، میکسیکو کے مطابق برڈ فلو کی وبا پھیلنے والے علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پرندوں کی ویکسین شروع کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وبا کی اس لہر کی وجہ سے یورپ اور امریکا میں لاکھوں کی تعداد میں پولٹری پرندوں کو ذبح کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ برڈ فلو جنگلی پرندوں میں پایا جاتا ہے ان کے ہجرت کرنے کی وجہ سے یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے اور اسی وجہ سے پولٹری فارم کے پرندے بھی اس وائرس کا شکار ہوتے ہیں۔