Time 21 نومبر ، 2022
پاکستان

تسنیم حیدر نامی شخص کا نوازشریف پر ارشد شریف کے قتل کا منصوبہ بنانے کا الزام

فوٹو: تسنیم حیدر فیس بک
فوٹو: تسنیم حیدر فیس بک 

لندن میں مقیم تسنیم حیدر نامی شخص نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگا دیا اور خود کو مسلم لیگ ن کا عہدے دار بھی بتایا۔

گزشتہ روز  تسنیم حیدر نامی شخص نے ایک پریس کانفرنس میں لیگی قیادت پر الزامات لگائے۔

 تسنیم حیدر کے الزامات پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تسنیم حیدر نامی شخص مسلم لیگ ن لندن کا ترجمان نہیں ، نہ اس کا مسلم لیگ سے کوئی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے ، فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جا سکتی۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ تسنیم حیدر مسلم لیگ ن کے ترجمان نہیں ، تسنیم حیدر کے الزامات پر انہیں برطانوی عدالت لے کر جائیں گے۔  

ان کا کہنا تھا کہ  تسنیم حیدر کے اردگرد بیٹھے لوگ پی ٹی آئی کے لیڈر ہیں اور نواز شریف کے گھر کے باہر مظاہرے کرتے ہیں ، یہ ڈرامہ ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹانے کے لیے رچایا گیا ہے۔

اس کےعلاوہ  وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے نواز شریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام لگانے والے تسنیم حیدرکی پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئرکردیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام لگانے والا تسنیم حیدر خود قتل کیس کا مفرور ملزم نکلا۔

دستاویز کے مطابق ملزم 15 مئی 2004 کو تھانہ صدرگجرات کے قتل کیس کی تفتیش کاملزم ہے۔قتل کے اس واقعے میں تقریباً 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق تسنیم حیدر شاہ قتل کیس کی تفتیش کے دوران ملزم نامزدہوا۔

ذرائع پنجاب پولیس کے مطابق تسنیم حیدرکاتعلق ضلع گجرات کےعلاقےمدینہ سیداں سےہے اور وہ چمے شاہ کے طورپرجاناجاتاہے۔

ذرائع پنجاب پولیس نے بتایاکہ تسنیم حیدر کا ایک بھائی وقارعلی عرف بلے شاہ 2004 میں قتل ہوا تھا، جس کے بعد تسنیم حیدرپاکستان چھوڑکربرطانیہ چلاگیا، تسنیم حیدر کے والدکا نام اکرم شاہ تھا، وہ ہیڈماسٹرتھے انہیں بھی قتل کیاجاچکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تسنیم حیدر اور اس کے خاندان کا کرمنل ریکارڈہے، اس کے دیگر دو بھائی اچھی شہرت کے حامل ہیں، تسنیم حیدرکا تعلق مسلم لیگ ن سے لیکن وہ قابل اعتبارشہرت نہیں رکھتا، اس کے متعلق کہاجاتا ہے پیسوں کیلئے کچھ بھی کرسکتاہے۔

ذرائع پنجاب پولیس کے مطابق تسنیم حیدرتھانہ صدرگجرات کی دہشتگردی کی ایف آئی آر 260/4 کی تفتیش میں ملزم ہے۔

مزید خبریں :