Time 21 نومبر ، 2022
کھیل

دورۂ پاکستان کیلئے انگلش کرکٹر نے اپنی گریجویشن کی تقریب چھوڑ دی

مجھے ہمیشہ سے گاؤن پہن کر گریجویشن کی یادگار تصویر بنوانے کا بہت شوق تھا، اب کراچی میں بیٹھ کر آن لائن تقریب دیکھوں گا: انگلش کرکٹر__فوٹو: فائل
مجھے ہمیشہ سے گاؤن پہن کر گریجویشن کی یادگار تصویر بنوانے کا بہت شوق تھا، اب کراچی میں بیٹھ کر آن لائن تقریب دیکھوں گا: انگلش کرکٹر__فوٹو: فائل

انگلینڈ کے آل راؤنڈر  کیٹن جیننگز  دورۂ پاکستان کے باعث انگلینڈ کی مانچسٹر یونیورسٹی میں شیڈول اپنی گریجویشن کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کیٹن جیننگز دورۂ پاکستان کے لیے انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں اور ان کی گریجویشن کی تقریب کراچی ٹیسٹ سے ایک روز قبل یعنی 16 دسمبر کو ہوگی۔

کیٹن جیننگز نے مانچسٹر یونیورسٹی سے ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) مکمل کیا ہے۔

اس حوالے سے انگلش کرکٹر کیٹن جیننگز نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ 'گریجویشن تقریب کے حوالے سے اپنی یونیورسٹی سے رابطہ کیا اور یقیناً یونیورسٹی انتظامیہ مجھے گریجویشن کا گاؤن نہیں بھیج سکتی، اس لیے مجھے یہ تقریب کراچی میں بیٹھ کر آن لائن دیکھنی پڑے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'اسپورٹس سے متعلق لوگ خیال کرتے ہیں کہ  کھلاڑی سمجھدار نہیں ہوتے لیکن ایسا نہیں ہے'۔

کیٹن جیننگز نے اعتراف کیا کہ 'مجھے ہمیشہ سے  گاؤن پہن کر گریجویشن کی یادگار تصویر بنوانے کا بہت شوق تھا، مجھے وہ جذبات محسوس کرنے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوسکے گا کیونکہ میں نے گریجویشن گاؤن کی جگہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی جرسی کو ترجیح دی، اب وہ ہی پہنوں گا'۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر کو ملتان جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو پاکستان آمد شیڈول ہے۔

مزید خبریں :